پاکستان
09 جون ، 2014

ایئرپورٹ حملہ سے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ،الطاف حسین

  ایئرپورٹ حملہ سے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ،الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملہ سے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ۔صورتحال now or never کی شکل اختیارکرچکی ہے ، اگراب بھی دہشت گردوں کے خلاف سخت ایکشن شروع نہیں کیا گیااورمصلحت سے کام لیاگیاتو خدانخواستہ ملک کاکوئی بھی ایئرپورٹ اورکوئی بھی دفاعی تنصیب دہشت گردوں سے محفوظ نہیں رہے گی ۔کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے واقعہ پر اظہارخیال کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ پورے پاکستان کو کھلے الفاظ میں بتانا چاہتا ہوں کہ آج جو حملے ہورہے ہیں اس میں ہماری حکومتوں کی کوتاہیوں کا بڑا عمل دخل ہے ۔ میں گزشتہ کئی برسوںسے چیخ چیخ کر کہہ رہا ہوں کہ طالبان دہشت گردکراچی میںتیزی سے آرہے ہیں ،کراچی پر طالبان کا قبضہ ہورہا ہے،خدار ا ان کی یلغار کو روکئے ورنہ یہ نہ صرف کراچی جو پاکستان کا معاشی حب ہے اسکو نقصان پہنچائیں گے بلکہ پورے پاکستان کونقصان پہنچائیں گے، اور معیشت تباہ ہوجائے گی لیکن افسوس حکومت نے میر ی باتوں پر توجہ نہیں دی بلکہ میرا مذاق اڑیا گیا،یہاں تک کہا گیا کہ الطاف حسین دراصل کراچی میں آباد پختونوں کے خلاف بات کررہاہے ،یہ بات غلط تھی او رآج ایک بارپھر ثابت ہوگیا کہ طالبان دہشت گرد کراچی میں نہ صرف اپنے مضبوط ٹھکانے بناچکے ہیں بلکہ پاکستان کی اہم تنصیبات او راہم مقامات کو نشانہ بنارہے ہیں ،میں آج بھی تما م عسکری اداروں اور وفاقی وصوبائی حکومتوں سے کہتاہوں کہ اگراب بھی میری باتوں پر توجہ نہیں دی گئی توکل ملک کا کوئی بھی ایئر پورٹ اور اہم ادارہ ان مسلح دہشت گردو ں سے محفوظ نہیں رہے گا۔ الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کے حکمرانوں، مسلح افواج ،عسکری اداروں، سیاسی رہنماؤں،دانشوروں اورپاکستان سے محبت کرنے والے تمام لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ آیا مذاکرات مذاکرات کی آڑ میں ہم کہیں پاکستان کومذاق بنا کر خدا نخوستہ دنیا کے نقشہ سے مٹانے کی کوئی نادانستہ کوشش تو نہیں کررہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر میرے اختیار میں ہوتا تو میں آج ملک میں ایمر جنسی نافذ کرنے کااعلان کرتا او ردہشت گردوں سے کھلا مقابلہ کرنے کا اعلان کرتا ،ملک کے دفاع اوردہشت گردوں کے خلاف صف آراہونے کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے تین لاکھ رضاکاردینے کی پیشکش کرتاہوں۔ اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے ، پاکستان کو ان مسلح دہشت گردوں سے نجات دلا ئے ۔انہوں نےدعاکی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اورزخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے،فوج،ایف سی،رینجرز،پولیس اوردیگرسیکوریٹی فورسز کے جوجوان اور افسران اپنے ملک کے دفاع کے لئے دہشت گردوں کاڈٹ کرمقابلہ کررہے ہیں اوراپنی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کررہے ہیں ،پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، الطاف حسین اورایم کیوایم کاایک ایک کارکن انہیں شاباش اور سلام پیش کرتاہے،میں انہیں یقین دلاتاہوںکہ آپ ملک کی سلامتی او ربقاء کیلئے ہمیںمددکیلئے جب پکاریں گے ہم غیر مشروط طور پرآپ کاساتھ دینے کیلئے تیار ہیں ۔ عوام سے اتحادویکجہتی کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صر ف چار زبانیں بولنے والے نہیں رہتے بلکہ یہاں گلگتی زبان بولنے والے بھی ہیں ، بلتستانی زبان بولنے والے بھی ہیں یہاں ہندکو زبان بولنے والے بھی ہیں بلوچ ،سندھی ،پختون ، اردوبولنے والے پنچابی بولنے والے ، عوام اس وقت یہ نہ سوچیں ہماری زبان کیا ہے ،ہمارا صوبہ کیا ہے بلکہ یہ سوچیں ہمار ا ملک پاکستان ہے،ہم اس وقت لسانی او رعلاقائی تفریق کو بالکل بالائے طاق رکھ دیں اور ایک پاکستانی کی حیثیت سے متحد ہوکر ان دہشت گردوں کو صف آرا ہ ہوجائیں او رمسلح افواج کے ساتھ ملکر پاکستان کودہشت گردوں سے نجات دلائیں ۔

مزید خبریں :