09 جون ، 2014
شکاگو......ایم کیو ایم امریکہ کے زیراہتمام قائد تحریک الطاف حسین کی رہائی کی خوشی میں امریکہ میں یوم تشکر منایا گیا۔ نیویارک، شکاگو، واشنگٹن ڈی سی، ایٹلانٹا، لاس اینجلس، ڈیٹرائٹ، نیو جرسی ، فلاڈیلفیا، ہیوسٹن، ڈیلس، میامی اور سینٹ اینٹنیو میں یوم تشکر کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنایزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل کمیٹی کے اراکین سمیت مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدردوں کے ساتھ پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔یوم تشکر کے اجتماعات میں شریک مرد، خواتین، بزرگوں اور بچوں نے الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا اورایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر کارکنان اور ہمدرد اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور پر نم آنکھوں کے ساتھ اللہ تعالی کے حضور الطاف حسین کی رہائی پر شکر ادا کرتے رہے۔اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ذمہ داران نے اسے پاکستان کے مظلوم اور محروم عوام کی فتح قرار دیا اور کہا کہ تاریخ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ الطاف حسین حق کے ساتھ ہیں اور وہ مظلوموں کے حقوق پر کسی سمجھوتے پر تیار نہیں، الطاف حسین کی رہائی نے پاکستان کے حق پرست عوام کے حوصلے بلند اور سر فخر سے اونچے کر دئیے ہیں اور اب وہ دن زیادہ دور نہیں کہ جب غریب و متوسط طبقے کا انقلاب برپا ہو گا ۔یوم تشکر کے اجتماعات میں الطاف حسین کی رہائی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی ۔اس موقع پر کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قائد تحریک کی قیادت میں جاری حق و انصاف کی جنگ میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اجتماعات کے اختتام پر الطاف حسین کی صحتیابی ، درازی عمر اور شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔