12 اپریل ، 2012
برج ٹاؤن…پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک۔ صفر کی برتری حاصل کرلی۔ برج ٹاؤن میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 192 رنز کا ہدف دیا، جو مہمان ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ویسٹ انڈیز نے گذشتہ روز کے اسکور 71 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 148 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اس طرح اس نے آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر 191 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ براوو 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ہلفنہاس نے 4 اور ہیریس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں واٹسن کی نصف سنچری کی بدولت مہمان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ڈیونارین نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہیریس کو آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آخری اسکور یہ رہا۔ ویسٹ انڈیز 449 اور 148 ، آسٹریلیا 406 اور 192 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ۔دوسرا ٹیسٹ 15 اپریل سے پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائے گا۔