16 جون ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپورآپریشن کے بارے میں پارلیمنٹ میں وزیراعظم نوازشریف کے باقاعدہ اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی سلامتی وبقاء اورملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے حکومت اورمسلح افواج کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس مقصدکیلئے ان کے ساتھ ہرقسم کا تعاون کرنے کیلئے تیارہے۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کئی برسوں سے بارہایہی کہتی آئی ہے کہ پاکستان کودہشت گردوں سے پاک کرنے اورریاست کی رٹ بحال کرنے کیلئے بھرپوراورمؤثرایکشن کی ضرورت ہے لیکن آٹھ ماہ قبل جب وزیراعظم نوازشریف کی طلب کردہ آل پارٹیزکانفرنس میں تمام جماعتوں نے دہشت گردوں سے مذاکرات پر اتفاق کیاتوایم کیوایم نے ملک کی خاطر اس فیصلہ کی بھی حمایت کی تھی لیکن دہشت گردوں کی جانب سے بم دھماکوں، خودکش حملوں اوردہشت گردی کی دیگرکارروائیوں کاسلسلہ جاری رہااور آج حکومت خوداسی نتیجہ پر پہنچی ہے کہ ان دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے ہی نمٹاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم کوایک عرصہ سے حکومت کے اس فیصلے کاانتظارتھا، پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف ایکشن میں حکومت کے ساتھ ہے۔الطاف حسین نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کے جس عزم کا اظہارکیاہے وہ خوش آئندہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کوملک دشمن دہشت گردوںسے پاک کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور میں وزیراعظم نوازشریف اورمسلح افواج کو یقین دلاتاہوں کہ وہ پاکستا ن کی سلامتی وبقاء اور ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے جوبھی جراتمندانہ فیصلے کریںگے ایم کیوایم ان کے ساتھ ہرقسم کاتعاون کر ے گی ۔