پاکستان
17 جون ، 2014

کارکنان ، شہدا کی نماز جنازہ میں بھرپور شرکت کریں، الطاف حسین

 کارکنان ، شہدا کی نماز جنازہ میں بھرپور شرکت کریں، الطاف حسین

لندن........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم لاہورزون اور لاہور سے ملحقہ یونٹوں کے تمام ذمہ داران ، کارکنان اورہمدردوںسے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب پولیس کے ہاتھوں شہید ہونے والے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی نمازجنازہ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ آج لاہور میں پنجاب پولیس کی درندگی اور وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان عوامی تحریک کے متعدد کارکنان بشمول خواتین کارکنان بھی شہید ہوئی ہیں، ان کی نمازجنازہ خواہ آج رات ادا کی جائے یا کل ادا کی جائے اس میں بھرپورشرکت کریں،انھوںنے ذمہ داران اور کارکنان کو تلقین کی کہ وہ پاکستان عوامی تحریک کے دفاتر جاکر ان کے مرکزی رہنماؤں سے تعزیت کریں اور اس کڑے اور مشکل وقت میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں اورکارکنوں سے ہرطرح کا غیرمشروط تعاون لازمی کریں۔دریں اثنا الطاف حسین نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کوٹیلی فون کرکے پنجاب پولیس کے ہاتھوں خواتین سمیت پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی المناک شہادت پر دلی تعزیت اور افسوس کااظہارکیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کارکنان کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان شہداء کے لواحقین ، آپ اور آپ کے ذمہ داران وکارکنان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور پولیس کے وحشیانہ تشدد سے زخمی ہونے والے افراد کو جلدومکمل صحت یابی عطا کرے ۔(آمین)۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اظہارہمدردی اور تعزیت پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کے تعاون سے بہت حوصلہ ملا ہے اور انشاء اللہ ایم کیوایم اور پاکستان عوامی تحریک کاساتھ جاری رہے گا۔

مزید خبریں :