17 جون ، 2014
اسلام آباد ..........شمالی وزیر ستان میں پاک فوج نے مزید 25 مقامی اور غیرملکی دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ دہشت گردوں کا ایک تربیتی کیمپ اور بم بنانے والی فیکٹری سمیت 6 ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ ترجمان پاک فوج میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہےکہ ابھی آبادی والے علاقے میں آپریشن شروع نہیں ہوا، محصور دہشت گرد بھاگ نہیں سکتے۔آپریشن ضرب عضب کے تیسرے روز جیٹ طیاروں کی بمباری سے شمالی وزیر ستان کے علاقے حسو خیل کے علاقے میں 25مقامی اور غیرملکی دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دہشت گردوں کی بم بنانے کی ایک فیکٹری، ایک تربیتی کیمپ اور 6ٹھکانے بھی تباہ کر دیے ہیں۔ ترجمان پاک فوج میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہےکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ابھی آبادی والے علاقے میں شروع نہیں ہوا، محصور دہشت گرد بھاگ نہیں سکتے۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق آپریشن ضرب عضب منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور آپریشنل ایریا کی فضائی نگرانی بھی جاری ہے، میرعلی اور میران شاہ سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جارہا ہے اور اضافی نفری بھیجی جارہی ہے۔ گزشتہ رات میران شاہ میں گھیرا توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 3 دہشت گرد مارے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہل کار بھی زخمی ہوگیا۔ 15جون کو شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 184دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے12ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں جن میں ایک اہم کمیونیکیشن سینٹر بھی شامل ہے۔ گزشتہ روز فائرنگ کے تبادے میں 2 اور بارودی مواد پھٹنے سے 6سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان سے متاثرین کے محفوظ انخلا کے لیے پولیٹیکل انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ پاک فوج کی جانب سے متاثرین کے کیمپس کی سیکیورٹی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔