31 مئی ، 2025
راولپنڈی: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، احتجاجی تحریک کا مرکز اسلام آباد نہیں ہو گا بلکہ ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائیں گے۔
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا گیا ہے، ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج کریں گے جسے میں جیل سے لیڈ کروں گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاجی تحریک سے متعلق تمام ہدایات میں جیل سےدوں گا۔
ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے مجھےذمہ داری دی ہے کہ احتجاجی تحریک کا پلان بنا کر دوں، بانی پی ٹی آئی سے آئندہ ملاقات پر احتجاجی تحریک کا پلان پیش کروں گا، وکلا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد منصوبہ بندی کریں گے۔
سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی بہت سنجیدہ ہیں، اب جو تحریک چلے گی ایسی پہلےکبھی نہیں چلی ہو گی، بانی پی ٹی آئی نے کہا اس دفعہ تحریک کو نتیجہ خیز بنانا ہے، تحریک چلانے میں رکاوٹیں آتی ہیں لیکن ہمیں بھی طریقے آتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا چند دنوں میں احتجاجی تحریک کی حکمت عملی تیار ہو جائے گی، اگلی ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی خود ذمہ داریاں تفویض کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے پارٹی لیڈرشپ کے بارےمیں کہا کہ ان پر اعتماد ہے لیکن تحریک وہ لیڈخودکریں گے۔
بیرسٹر علی ظفر کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں عدلیہ اور ایگزیکٹو سےکوئی ریلیف نہیں مل رہا، 5 جون کو سماعت ہوتی ہے یا نہیں یہ سوالیہ نشان ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ ریلیف ملےگا۔