17 جون ، 2014
لاہور.........لاہورمیں منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر پولیس کارروائی کے خلاف مختلف شہروں میں عوامی تحریک کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور دھرنے دے کر سڑکیں بند کردیں۔لاہورواقعے کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے راولپنڈی میں شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے راولپنڈی اوراسلام آباد کوملانےوالےفیض آبادانٹرچینج پر دھرنا دیا۔ جس کے باعث جڑواں شہروں کے درمیان ٹریفک کئی گھنٹے تک متاثر رہی ۔سیالکوٹ میں تحریک کے کارکنوں نے چائنا چوک پر لاہور پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مشتعل افراد نے ٹائر بھی جلائے۔فیصل آباد میں منہاج القرآن کے کارکنوں نے کچہری بازار چوک میں احتجاجی دھرنا دے کر سرکلر روڈ بلاک کردیا۔ میانوالی اور بھکرمیں بھی پارٹی کارکن احتجاجاً سڑکوں پرنکل آئے۔ حافظ آباد میں کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی جس پرمشتعل کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کردیا۔ ملتان میں تحریک منہاج القرآن کےکارکنوں نے علی چوک پرمظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بند کردی۔ جھنگ کے ایوب چوک اور گوجرانوالہ کے پنڈی روڈ پر کارکن سراپا احتجاج بنے رہے۔ نوابشاہ پریس کلب کے باہرپاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران پنجاب پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ پشاور میں پریس کلب کے باہر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پریس کلب سے صدر روڈ تک ریلی بھی نکالی۔ مانسہرہ میں بھی لاہور واقعے کے خلاف شاہراہ قراقرم پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔