23 جون ، 2014
شکاگو........ ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز ندیم صدیقی اور محمد ارشد حسین سمیت سینٹرل کمیٹی کے اراکین اور چیپٹر انچارجز نے حق پرست رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کی شہادت پر اپنے گہرے رنج اور غم کا اظہارکرتے ہوئے اس بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور وزیراعلیٰ پنجاب سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں انھوں کہا کہ طاہرہ آصف شہید ، مظلوم و محروم عوام اور ایم کیو ایم کی نمائندہ آواز تھیں جسکی پاداش میں عوام دشمن قوتوں نےانھیں قتل کر کے حق اور سچ کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کی ہے، ایم کیو ایم مذہبی انتہا پسندی، دہشت گردی اور کرپٹ سیاسی نظام کیخلاف جس طر ح عملی جدوجہد کر رہی ہے اس نے اسٹیٹس کو کی قوتوں کی نیندیں حرام کردی ہیں لہذا اب وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر کر خواتین رہنمائوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں، کراچی سے لیکر پنجاب تک ایم کیو ایم کے رہنمائوں اور کارکنان پر ظلم و تشدد اور قتل و غارت گری کا اصل مقصد انہیں پاکستان بنانے کی سزا دینا اور اب پاکستان کو بچانے کی کوششوں سے باز رکھنا ہے، پنجاب میں طاہرہ آصف نے الطاف حسین کے پیغام اور نظریہ حق پرستی کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیاہے اور تحریک کیلئے انکی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ایم کیو ایم امریکہ نے وزیراعظم اوروزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ محترمہ طاہرہ آصف کے قتل کی سازش تیار کرنےاور عمل کرنے والوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرارِ واقعی سزا دی جائے۔