12 اپریل ، 2012
چنائی … آئی پی ایل کے پانچویں ایڈیشن کے ایک میچ میں چنائی سپر کنگز نے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کو 5 وکٹ سے شکست دیدی، البی مورکل کے برق رفتار 28 رنز کی بدولت چنائی سپر کنگز نے 12 گیندوں پر 43 رنز بنا کر شائقین کو حیران اور غیر یقینی فتح اپنے نام کرلی، ڈیوائن براوو 15 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔چنائی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 205 رنز کا ایک پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا۔ چنائی سپر کنگز نے 206 رنز کے تعاقب میں 18 اوورز میں 4 وکٹ پر 163 رنز بنائے جس کے بعد انہیں محض 12 گیندوں پر 43 رنز کا انتہائی مشکل ہدف درکا ر تھا، اس موقع پر آنے والے البی مورکل نے ویرات کوہلی کی صرف 7گیندوں پر 28 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح کے انتہائی قریب پہنچادیا ، انہوں نے 3 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔ ان سے پہلے فاف ڈو پلیسس نے 46 گیندوں پر 71 رنز بنائے، انہوں نے 4 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔سریش رائنا 23 اور مہندرا سنگھ دھونی 41 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔رائل چیلنجرز بنگلور کے سری لنکن جادوگر بولر مرلی دھرن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل رائل چیلنجرز بنگلور کے ویسٹ انڈین اسٹار کرس گیل نے 35 گیندوں پر 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 68 اور ویرات کوہلی نے 46 گیندوں پر 57 رنز بنائے ، ماینک اگروال 26 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔چنائی سپر کنگز کی جانب سے ڈگ بولنجر نے 3، البی مورکل اور رویندرا جڈیجا نے 2، 2 وکٹیں لیں