29 جون ، 2014
لاہور.....پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام آل پارٹیزکانفرنس کامشترکہ اعلامیہ جاری کر دیاگیا۔اعلامیہ میں وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت جملہ صوبائی وزراءاور ماڈل ٹاؤن واقعےمیں ملوث حکومتی مشینری کے ارکان کے استعفوں اور انہیں گرفتارکرنےکامطالبہ کیا گیا ہے ۔آل پارٹیزکانفرنس کامشترکہ اعلامیہ 5 نکات پرمشتمل ہے، جس میں کہا گیا ہےکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بھرپور مذمت کرتےہیں۔پُرامن اورنہتے شہریوں پرظلم ،انصاف کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، اعلامیے میں مطالبہ کیا گیاہے کہ سپریم کورٹ کے 3 سینئرجج صاحبان پرمشتمل ایسا کمیشن بنایا جائے جو وزیراعظم سمیت ہر ایک کو طلب کرسکے،ماڈل ٹاؤن آپریشن میں ملوث تمام حکومتی مشینری کو برطرف کیا جائے اور انہیں اقدام قتل کے الزام میں گرفتار کیا جائے، شہبازشریف اورسانحے میں ملوث دیگرصوبائی وزراء بھی مستعفی ہوں،شہبازشریف اورجملہ وزراء خود کو قانون کے حوالےکریں،اگرمتعلقہ افرادمستعفی نہیں ہوتےتو صدر انہیں برطرف کردیں،سانحہ ماڈل ٹاؤن میں متاثرہ افراد کے خلاف درج مقدمہ ختم کیا جائے اور ایف آئی آر منہاج القرآن کی طرف سے درج کی جائے۔