29 جون ، 2014
لندن.....متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس وقت ملک کی بد ترین دہشت گردی کا سامنا ہے ہمیں آئی ڈی پیز کی بھرپور مدد کر نی چاہئے، انہوں نے ٹی وی چینلزاور ریڈیوکے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ جو ش وخروش دلانے والے جنگی ترانے نشرکریں،اس فوجی جوانوں کے حوصلے بلند ہونگے ۔لندن سے جاری ایک بیان میں الطاف حسین نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جنگی ترانے دیگر پروگراموں کے ساتھ باقاعدگی سے اس وقت تک نشر کریں جب تک کہ پاک افواج دہشت گردوں اور انکی تمام کمین گاہوں کامکمل صفایا نہیں کر دیتیں۔ قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ایک ایک پاکستانی کوبخوبی سمجھ لینا چاہئے کہ یہ جنگ اب یا کبھی نہیں کی بنیاد پر لڑی جارہی ہے۔ لہٰذا اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے آئی ڈی پیز کی مدد کریں اور اپنے عطیات خدمت خلق فاؤنڈیشن میں جمع کرائیں۔