29 جون ، 2014
اسلام آباد ........اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جیو نیوز کی بندش کے خلاف آج دوسرے دن بھی صحافیوں کا احتجاج جاری رہا، صحافی راہنماؤں کا کہنا تھا کسی چینل یا اخبار کیلئے نو گو ایریاز کا تصور برداشت نہیں کیا جائے گا، اور نہ ہی کسی گلو بٹ کو میڈیا پر حملہ آور ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی کیمپ سے خطاب میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کا کہنا تھا کہ جیو نیوز پمرا کے حکم پر پندرہ دن بند رہا اور ایک کروڑ روپے جرمانہ بھی ادا کر چکا، اب جیونیوز، جنگ اور دی نیوز کیلئے کنٹونمنٹس کو نو گو ایریاز میں بدلنے کی کوششوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔نیشنل پریس کلب کے صدر شہر یار خان کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر ظلم کرنے والے ڈیکٹیٹرز آج غائب جبکہ صحافی آج بھی وہیں موجود ہیں اور ڈٹے ہوئے ہیں، صحافیوں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر جد وجہد کرنے اور ہر ظلم سے ٹکرنانے والے لوگ ہیں۔آر آئی یو جے کے صدر علی رضا علوی اور سینئر صحافی ناصر زیدی کا کہنا تھا کہ جیو نیوز کی نشریات کی ملک کے طول و عرض میں بحالی، جنگ اور دی نیوز کی ترسیل کو یقینی بنانا حکومت وقت کی زمہ داری ہے۔صحافی راہنماؤں کا کہنا تھا کہ احتجاجی کیمپ رمضان میں جاری رہے گا اور وقت کے ساتھ ساتھ تحریک میں تیزی اور شدت لائی جائے گی۔