پاکستان
29 جون ، 2014

خیبر پختونخوا : بعض شہروں میں آج پہلا روزہ رکھا گیا

مردان .......ملک کے قبائلی علاقوں اور خیبر پختونخوا کے بعض شہروں میں آج پہلا روزہ رکھا گیا۔خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان پر آج پہلا روزہ رکھا گیا۔شہریوں نے افطار کا خاص اہتمام کیا۔پکوڑوں سموسوں کی دکانوں پر بھی شہریوں کا رش رہا۔چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے بعض علاقوں میں پہلا روزہ رکھا گیا۔باجوڑ ایجنسی کی تحصیلوں ناوگئی،چہارمنگ ،چمرکنڈ سمیت تحصیل ماموند کے سرحدی علاقوں میں شہریوں نے روزہ افطار کیا۔خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں بھی مقامی علما کے اعلان پر شہریوں نے روزہ رکھا۔شمالی وزیر ستان کے متاثرین نے بنوں میں آج پہلا روزہ افطار کیا،کسی نے بغیر سحری کے روزہ رکھا تھا تو کسی نے صرف پانی سے افطار کیا۔ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں نے آج پہلا روزہ رکھا تھا ۔ بے سروسامانی کے عالم میں کیمپوں میں مقیم متاثرین کا کہنا ہے کہ اس بابرکت مہینے میں وہ اپنے گھروں کو یاد کررہے ہیں، اس طرح خیموں میں ان کا یہ پہلا رمضان ہے،کئی روزے داروں نے شکوہ کیا کہ انھوں نے سحری کیے بغیر ہی روزہ رکھا اور افطار پانی سے کیا۔سرکاری اسکول میں مقیم شمالی وزیرستان کے متاثرین کا کہنا ہے کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں وہ اس بابرکت مہینے میں روزے کی فضیلت سے محروم نہیں رہ سکتے۔

مزید خبریں :