13 اپریل ، 2012
گلگت… گلگت میں 11ویں روز بھی کرفیونافذ ہے۔شہر میں موبائل فون سروس اور داخلی و خارجی راستے بند ہیں۔اسکردو میں سانحہ چلاس پر یوم سوگ منایاجارہاہے اور بعد نماز جمعہ احتجاج کیاجائے گا۔گلگت میں کرفیو میں 3بار نرمی کی گئی۔گزشتہ روز کرفیو میں 4گھنٹے کا وقفہ دیاگیا تھا،جس کے دوران شہریوں نے اشیائے خورونوش کی خریداری کی۔ان کا کہنا تھا کہ کرفیو کی وجہ سے وہ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔شہر میں پاک فوج کے دستے گشت کررہے ہیں۔امن و امان بحال رکھنے کے لئے شہر بھرمیں موبائل فون سروس اور داخلی وخارجی راستے بھی بند ہیں۔شاہراہ قراقرم پر 11روز سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہے۔سانحہ گلگت اور چلاس کے باعث غذر کا زمینی رابطہ 12 روز سے دیگر شہروں سے منقطع ہے جس کی وجہ سے علاقے میں کھانے پینے کی اشیااور اسپتالوں میں دواوٴں کی قلت سے مریضوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔اسکردو میں سانحہ چلاس کے خلاف وحدت المسلمین کی اپیل پرآج یومِ سوگ ہے اورنماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلی نکالی جائیگی۔