پاکستان
30 جون ، 2014

میران شاہ میں زمینی کارروائی میں 15 دہشت گرد مارے گئے

میران شاہ میں زمینی کارروائی میں 15 دہشت گرد مارے گئے

میران شاہ ........آپریشن ضرب عضب کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، میرانشاہ اور اس کے نواحی علاقوں میں زمینی فوجی کارروائی کے دوران 15دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ ار نواحی علاقے میں زمینی فوجی کارروائی کا آغاز علاقے سے سول آبادی کے انخلا کے بعد کیا گیا ہے۔ زمینی فوجی کارروائی میں انفنٹری اور ا سپیشل سروسزگروپ کے جوان حصہ لے رہے ہیں ۔ اس آپریشن میں 15 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 3 جوان زخمی ہوئےہیں جب کہ فوج نے بارودی سرنگیں تیار کرنے کی فیکٹریاں اور سرنگیں بھی دریافت کی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو کلیئر کردیا گیاہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی اور دیگر علاقوں میں آرٹلری، ٹینکس اور دیگر بھاری اسلحے کی مدد سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی جارہی ہے، دیگر علاقوں میں بھی دہشت گرد وں کا مؤثر گھیراؤ جا ری ہے۔ اعلامیے کے مطابق 15جون سے جاری آپریشن ضرب عضب میں اب تک 376دہشت گرد ہلاک ہو ئے اور19نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈالے۔ اس دوران دہشت گردوں کے 61 ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔ آپریشن کے آغاز سے اب تک پاک فوج کے 17جوان شہید ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نقل مکانی کرنے والے افراد میں بنوں، ڈی آئی خان اور ٹانک کے علاقوں میں امدادی اشیا تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے اور اب تک 110کلوگرام کے 30ہزار راشن کے پیک تقسیم کیے گئے ہیں۔ پاک فوج کی طرف سے ملک بھر میں قائم کیے گئے 55ریلیف کیمپس میں 276ٹن راشن اکٹھا کیا گیا ہے جسے بنوں بھجوایا جارہا ہے۔فوج کی طرف سے بنوں میں خلیفہ گل نواز اسپتال میں قائم فیلڈ میڈیکل اسپتال میں 5ہزار 6سو 65مریضوں کا علاج کیا گیا ہے جبکہ 6ہزار 4سو 35جانوروں کو ویٹنری علاج فراہم کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 17ہزار 6سو 59جانوروں اور 30ہزار 5سو 45پولٹری کو ویکسین بھی دی گئی ہے۔

مزید خبریں :