پاکستان
30 جون ، 2014

شمالی وزیرستان متاثرین راشن کیلئے پریشان،بنوں کوہاٹ روڈ پر احتجاج

شمالی وزیرستان متاثرین راشن کیلئے پریشان،بنوں کوہاٹ روڈ پر احتجاج

بنوں ........شمالی وزیرستان سے پیدل اور بغیر رجسٹریشن کے بنوں آنے والے متاثرین راشن کے لیے پریشان ہیں۔ متاثرین نے رجسٹریشن کارڈ کے لیے بنوں کوہاٹ روڈ پر شدید احتجاج کیا۔بنوں میں قائم تین پوائنٹس سے روزانہ ہزاروں متاثرین کو رجسٹریشن کارڈ کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کی نگرانی میں راشن تقسیم کیا جارہا ہے لیکن ان میں بیشتر متاثرین ایسے ہیں جو پیدل شمالی وزیرستان سے بنوں پہنچے ہیں اور انہوں نے اپنی رجسٹریشن نہیں کرائی ۔ جس کے باعث انہیں کسی پوائنٹس سے راشن نہیں مل رہا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں رجسٹریشن کارڈ کے لئے سیدگئی چیک پوسٹ بھیجا جارہا ہے جہاں سے انہیں یہ کہہ کر واپس بھیج دیاجاتا ہے کہ اسپورٹس کمپلیکس میں نادرا والے ہی رجسٹریشن کارڈ بناکر دے سکتے ہیں اور یہاں آنے پر انہیں پھر سے سیدگئی چیک پوسٹ جانے کا کہہ دیا جاتا ہے۔ متاثرین نے رجسٹریشن کارڈ کے حصول کے لئے بنوں کوہاٹ روڈ پر ایک گھنٹے تک دھرنا بھی دیا۔بنوں میں جگہ جگہ فلاحی تنظیموں کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سحر و افطار کا سامان متاثرین کو دیا جارہا ہے۔پریس کلب بنوں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ آپریشن سے قبل سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا، تاہم اب حکومت کی جانب سے متاثرین کی مدد کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلانا اچھا اقدام ہے۔ انہوں نےحکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی ضروریات کو جلد سے جلد پورا کیا جائے۔

مزید خبریں :