30 جون ، 2014
کراچی.......جیونیوز اور دیگر اداروں کی نشریات پر پابندی کے خلاف پاکستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے سکھر اور کوئٹہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور کیمپ لگائے گئے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے سکھر پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے میں پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔احتجاج میں شامل صحافیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جیو ٹی وی اور دیگر اداروں کی نشریات پر پابندی ختم کی جائے۔ ادھر کوئٹہ میں پریس کلب کے باہر دوسرے روز بھی احتجاجی کیمپ کا انعقادکیاگیا۔ کیمپ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد نے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما اختر حسین لانگو کا کہنا تھا کہ صحافت پر کسی قسم کی قدغن قبول نہیں کی جائے گی۔فیصل آباد میں تیسرے روز بھی جیو نیوز کی نشریات کو پرانے نمبروں پر بحال نہ کیے جانے کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔