پاکستان
01 جولائی ، 2014

حکومتی رٹ کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا، وفاقی وزراء

حکومتی رٹ کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا، وفاقی وزراء

اسلام آباد.....پاکستان نے افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان کے امیر ملا فضل اللہ کی گرفتاری کےلیے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، حکام کا کہناہے کہ آپریشن مکمل طور پر ملکی صلاحیتوں پر منحصر ہے ، کسی سے مدد کی ضرورت نہیں ۔شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے بارے میں آئی ایس پی آر اور وفاقی وزرا نے غیر ملکی ذرائع ابلاع کو بریفنگ دی ہے جس میں انہیں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان دہشت گردوں کا مرکز اورآخری ٹھکانہ بن چکا تھا، امن کو موقع دینے اور مشاورت کے بعد فوجی کارروائی شروع کی گئی ، آپریشن سے پہلے دہشت گردوں کے فرارہونے کے راستے بند کردیے گئے تھے ۔ ضرب عضب میں تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہورہی ہے اور یہ حکومتی عملداری بحال ہونے تک جاری رہے گی، یہ آپریشن چارمرحلوں پرمشتمل ہوگا۔ بریفنگ میں افغانستان سے کہا گیا ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان کے امیر ملا فضل اللہ کے خلاف کارروائی کرے جس نے افغان علاقے میں پناہ لے رکھی ہے۔ حکام نے ایک لاکھ افراد کے شمالی وزیرستان سے افغانستان منتقل ہونے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ آپریشن میں اب تک عوام کا جانی ومالی نقصان نہیں ہوا، حکام نے عالمی پالیسیوں کو دہشت گردی کے فروغ کا ذمہ دار قرار دیا ہے اور آپریشن کےلیے کسی غیر ملکی تعاون کی ضرورت سے انکار کردیا ہے۔ حکام کا کہناہے کہ پاک فضائیہ کی موجودگی میں پاکستان کو ڈرون سمیت کسی مدد کی ضرورت نہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد ملک کے دیگر علاقوں میں ان کا تعاقب کیا جائے گا۔

مزید خبریں :