13 اپریل ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقہ لی مارکیٹ میں مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے دستی بم سے حملوں اور فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور چھ افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس پر بھی دستی بم سے بھی حملہ کیا گیا ۔ لی مارکیٹ صبح سے میدان جنگ بنا ہوا ہے مشتعل افراد کی جانب سے توڑپھوڑ اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ،علاقہ مکینوں نے پولیس کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا جبکہ مشتعل افراد نے فائرنگ کرکے صبح کھلنے والی دکانیں بند کرادی جبکہ پتھاروں کو بھی اگ لگائی۔ مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراوٴ فائرنگ اور دستی بم سے بھی حملہ کیا۔ پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لئے شیلنگ بھی کی مشتعل افراد کی جانب سے میڈیا کے نمائندوں پر بھی فائرنگ کی گئی۔ مشتعل افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اولڈ سٹی ایریا میں عید گاہ پولیس اسٹیشن کے قریب دستی بم کے حملے میں انیس نامی شخص ہلاک اور اس کے دو بچے زخمی ہوگئے زخمیوں میں پانچ سالہ بچہ عارف اور اٹھارہ سالہ لڑکی افشاں شامل ہے ، جبکہ لیاری جنرل اسپتال کے قریب فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال پہنچایا گیا۔لی مارکیٹ کی صورتحال کے باعث علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔