04 جولائی ، 2014
اسلام آباد.......وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی عزت سے گھروں کو واپسی اور بحالی ممکن بنائی جائے گی۔ وفاقی وزیر عبد القادر بلوچ نے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز کو 8 جولائی سے موبائل کیش ٹرانسفر کے ذریعے امدادی رقم کی تقسیم شروع ہوجائے گی۔وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شمالی وزیرستان آپریشن میں پیشرفت کاجائزہ لیا گیا ، متاثرین کی دیکھ بھال سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ عبد القادر بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 3 جولائی تک 5 لاکھ 66 ہزار آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن ہو چکی تھی ،آئی ڈی پیز کے کیمپس میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ، بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے جا رہے ہیں۔