13 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی میں لیاری کا علاقہ لی مارکیٹ دن بھر میدان جنگ بنارہا، مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی جبکہ مسلح افراد نے فائرنگ اور دستی بموں سے حملے کیے، پرتشدد واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں جمعہ کی صبح سے توڑ پھوڑ اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ مشتعل افراد نے صبح کھلنے والی دکانوں اور ہوٹلوں کو بند کروا دیا، مشتعل افراد نے کئی پتھاروں کو آگ لگائی اور پولیس پر پتھراوٴ اور فائرنگ کے بعد دستی بموں سے بھی حملہ کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے برسائے۔ ایس پی سٹی خرم وارث کے مطابق بدامنی کی یہ صورتحال گزشتہ 3 چار روز کے دوران لیاری سے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کا ردعمل ہے۔مشتعل افرادکی فائرنگ کا نشانہ پولیس اہلکار اور عام شہری ہی نہیں میڈیا کے نمائندے بھی بنے۔ جاں بحق افراد اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جاتا رہا اور کاروبار زندگی تہس نہس ہوکر رہ گیا۔پورا دن کراچی میں لیاری کا علاقہ لی مارکیٹ گولیوں، دستی بموں اور راکٹوں سے گونجتا رہا، پولیس کی محدود نفری مشتعل افراد کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتی رہی جبکہ رینجرز اور ایف سی کے اہلکار پولیس کی مدد کیلئے نہیں آئے۔