پاکستان
11 جولائی ، 2014

آٹے کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت،حکومت نوٹس لے،رابطہ کمیٹی

 آٹے کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت،حکومت نوٹس لے،رابطہ کمیٹی

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ناجائز منافع خوروں کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب عوام پہلے ہی ہوشربا مہنگائی اور بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف رمضان المبارک میں عوام کیلئے بنیادی استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے کے بجائے ناجائز منافع خور نہ صرف من مانیاں کررہے ہیں بلکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا تقدس بھی پامال کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے غیر دانشمندانہ اقدام کا فی الفور نوٹس لیاجائے ، عوام کیلئے آٹے سمیت ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کیلئے فی الفور مثبت نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے والے ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

مزید خبریں :