13 اپریل ، 2012
لاہور … لاہور بورڈ کے زیراہتمام نویں جماعت کے اسلامیات کے پیپر میں ممتحن صاحبان کو غلط جوابات پر نمبر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی آمد کو درست جواب قرار دیا گیا ہے۔ لاہور بورڈ کے نویں جماعت کے اسلامیات اختیاری کے پیپر میں پوچھے گئے معروضی سوالات میں پوچھا گیا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بعد کون سے نبی تشریف لائے؟ جواب میں حضرت موسیٰ علیہ السلام، حضرت نوح علیہ السلام ، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسم اور حضرت ابراہیم علیہ السلام میں سے کوئی ایک جواب دینے کا کہاگیا ہے۔ پیپر سیٹر نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے نام کو ٹک کرنے کو درست قرار دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ جن امیدواروں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے نام کو ٹک نہیں کیا اس کو نمبر نہیں ملیں گے۔ اسی طرح ایک اور معروضی سوال میں پوچھا گیا ہے کہ داعی الی اللہ کا لقب کس نبی کا ہے؟ جواب میں حضرت آدم علیہ اسلام، حضرت موسیٰ علیہ السلام ، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کے آپشنز دیئے گئے ہیں، جواب میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے آپشن کو ٹک کرنے والے کے جواب کو درست قراردیا گیا ہے ۔