13 جولائی ، 2014
ڈیلس ......راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی...... امریکی ریاست ٹیکساس کے دوسرے بڑے شہر ڈیلس کے میئر مائیک رالنگ کی جانب سے ڈیلس میں مقیم مسلمان کمیونٹی کے رہنمائوں کے اعزاز میں پہلی بار افطار ڈنر کا اہتمام سٹی ہال ڈیلس میں منعقد کیا گیا جس کے انتظامات معروف پاکستانی کمیونٹی کے رہنماء امیر علی روپانی‘ ارمان روپانی‘ محسن مندویا اور دیگر ہوسٹ کمیٹی نے کئے۔ اس موقع پر مسلمان کمیونٹی کے شیعہ‘ سنی‘ اسماعیلی اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں سابق میئر پیرس ڈاکٹر ارجمند ہاشمی‘ سٹی کونسل ڈیلس کے اراکین لی ایم کسلنبیسن‘ سنڈے گرے سن‘ مونیکا ہالونزو‘ سینٹرل مسجد ڈیلس کے امام صفی الدیم نذرکا‘ امام ضیاء شیخ‘ کیئر کی رہنماء امینہ رب‘ مائیک غوث‘ غلام جہانگڑا‘ امام خلیل عبد شہیر‘ خلیل عبدالرشید‘ ہند جرا‘ اظہر عزیز اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر امام شہیر‘ شیخ خلیل عبدالرشید‘ امام صفی الدیم اور امام ضیاء شیخ نے رمضان المبارک کے حوالے سے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو بتایا کہ روزے کا اصل مقصد کیا ہے۔ افطار ڈنر تقریب کی نظامت ارمان روپانی نے کی۔ تقریب سے میئر ڈیلس مائیک رالنگ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیلس فورٹ ورتھ میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں جن میں تقریباً 40 ہزار کے قریب مسلمان ڈیلس کائونٹی میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج پہلی مرتبہ اس افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا مقصد یہی ہے کہ ہم ایک ساتھ مل کر آپ کے مذہبی اور ثقافتی پروگراموں میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ یہ افطار ڈنر ہر سال منعقد کیا جائے اور جب تک وہ میئر ہیں ہر سال اس کا باقاعدگی سے انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیلس شہر امریکہ کے ممتاز شہروں میں سے ایک ہے جہاں پر ترقی کی رفتار بہت تیز ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ جوق در جوق اس شہر میں آباد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ آپ جیسے آنے والے امیگرینٹ لوگوں کی کاوشوں کے سبب ہی ممکن ہوا ہے کہ یہ شہر ترقی کی رفتار میں ممتاز حیثیت حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اور آپ ایک فیملی کی طرح ہیں اس لئے ہمیں مل جل کر اس شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم نوجوان ارمان نے مجھے یہ تقریب افطار ڈنر کے اہتمام کا مشورہ دیا تھا جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب اپنی صلاحیتوں کے ذریعے اس شہر کو اکیسویں صدی کیلئے اور اپنی نسلوں کیلئے ایک اچھا شہر اور ایک اچھا ملک چھوڑ کر جائیں۔ اس موقع پر افطار ڈنر کے اہتمام کے ساتھ ساتھ نماز اور اذان کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مسلمان اور مقامی امریکی رہنماء ایک دوسرے سے گھل مل گئے جبکہ مسلمان رہنمائوں کی جانب سے میئر ڈیلس مائیک رالنگ کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے مسلمان رہنمائوں کو خصوصی طور پر افطار ڈنر میں مدعو کیا۔