13 جولائی ، 2014
پشاور......پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ارباب خضرحیات نے کہا ہے کہ عمران خان یوم آزادی پر فساد بپا کرنا چاہتے ہیں جس پر قوم کسی صورت ان کا ساتھ نہیں دے گی۔پشاور میں گفتگو کرتے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ قوم عمران خان، ڈاکٹر طاہرالقادری اورچوہدری برادران کی ملک دشمن سرگرمیوں کو جان چکی ہے اور ان سیاسی مداریوں کو اچھی طرح معلوم ہے کہ اگر حکومت نے اپنے پانچ سال پورے کر لئے تو ان کی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گی۔ ارباب خضرحیات نے کہا کہ مسلم لیگ ن 14 اگست کو جشن آزادی دھوم دھام سے منائیگی ۔ارباب خضرحیات نے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے ایسےوقت میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیئے نہ کہ اس کے لئے مشکلات پیدا کر یں۔ارباب خضرحیات نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ایجنڈاملک کی تعمیر و ترقی اور امن و آمان قائم کرنا ہےجبکہ غیر سیاسی قوتیں ملک کے مستقبل کو تباہ کرنے میں مصروف عمل ہیں جس پر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انقلاب کی باتیں کرنے والے درحقیقت اپنا غیر ملکی ایجنڈا قوم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں جس میں انہیں رسوائی اور ناکامی کے کچھ حاصل نہ ہوگا۔