پاکستان
13 جولائی ، 2014

غزہ پر اسرائیلی بمباری کھلی بربریت اورجارحیت ہے۔الطاف حسین

غزہ پر اسرائیلی بمباری کھلی بربریت اورجارحیت ہے۔الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جانب سے بمباری کھلی بربریت اورجارحیت ہے مگر یہ امرافسوسناک ہے کہ اس کھلی بربریت پر مسلم ممالک اوراقوام متحدہ خاموش ہیں۔ ملت اسلامیہ نے اگراپنا طرزعمل نہیں بدلاتو فلسطین کے بعد دیگراسلامی ممالک کابھی نمبرآئے گا۔انہوں نے یہ بات غزہ کی سنگین صورتحال پراظہارخیال کرتے ہوئے کہی،الطاف حسین نے غزہ کے نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیلی لڑاکاطیاروں، ٹینکوں اورمیزائلوں سے کی جانے والی بمباری کی شدید مذمت کی اوراس بمباری کے نتیجے میں200سے زائدفلسطینی عورتوں،بچوں،نوجوانوں اوربزرگوں کی شہادت اورہزاروں کے زخمی اوربے گھر ہونے پر فلسطینی عوام سے دلی تعزیت اورہمدردی کااظہارکیا۔الطاف حسین نے کہاکہ اوآئی سی کے رکن ممالک اور عرب دنیا سمیت پوری ملت اسلامیہ غزہ پراسرائیلی جارحیت اوربربریت پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ میںنے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو غزہ کی صورتحال پر ’’ ایس او ایس ‘‘ خط لکھاہے لیکن اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہے جوافسوسناک ہے، الطاف حسین نے کہاکہ اسرائیل کوجن ممالک کی حمایت حاصل ہے وہ بہت طاقتورہیں جبکہ اسلامی ممالک کے حکمراں اور رہنما غزہ کی تباہ کن صورتحال سے بے نیازہوکراپنی عیاشیوںاورشوق ومستی میں لگے ہوئے ہیںانہیں اپنے اس طرزعمل کوبدلنا چاہیے۔ الطاف حسین نے سیاسی ومذہبی جماعتوںسے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سب کے ایک دوسرے سے اختلافات ہیںجوصحت مند جمہوریت کاحصہ ہیں وہ ضروررکھیں لیکن وقت کاتقاضہ ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جوبربریت ہورہی ہے اس کے خلاف ساری سیاسی ومذہبی جماعتوں، انسانی حقوق کے رہنماؤں، سول سوسائٹی، وکلاء ،تاجربرادری سب کو اپنے اختلافا ت سے قطع نظراس ایک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہونا چاہیے کہ اسرائیل کوفلسطینیوں کے خلاف جارحیت سے روکاجائے ،اسلامی ممالک کوجھنجھوڑا جائے اور انہیں بے ضمیری اور غفلت کی نیند سے بیدار کیا جائے۔ اس مقصدکیلئے ملک کے کسی بھی شہرمیں ایک مشترکہ پرامن احتجاجی ریلی نکالنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ طورپر ایک احتجاجی ریلی نکالیں تو ایم کیوایم اس میں شرکت کیلئے تیارہے۔ الطاف حسین نے تجویز پیش کی کہ ہمیں 14 اگست کویوم آزادی بھرپور اندازمیں منانا چاہیے اور جوباتیں یااقدام آپس میں محاذ آرائی اورتضاد کاسبب بن سکتی ہیںانہیں ملتوی کردیناچاہیے، اس میں بے عزتی کی بات نہیں ہے ، ہمیں آزادی کی نعمت سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے ، اسی میں ملک وقوم کی بھلائی ہے ۔

مزید خبریں :