14 جولائی ، 2014
کراچی........متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ الطاف حسین ملک بچانے کی جدو جہد میں کوشاں ہیں اوریہی وجہ ہے کہ حق پرست ارکان اسمبلی اور کارکنان بھی ملک بچانے کے لئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک اہل ایمان کو صبر کا درس دیتا ہے اور پاکستان کا قیام بھی رمضان المبارک میں ہی عمل میں آیا۔ ان خیالات کا ظہار انھوں نے ایم کیو ایم کے زیر اہتمام نارتھ کراچی میں ہونے والے افطار ڈنر کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حق پر ست ارکان اسمبلی ، شیخ صلاح الدین ، عبدالوسیم ، ریحان ہاشمی ، خواجہ اظہار الحسن ، وسیم قریشی ، جمال احمد ، ایم کیو ایم کے نارتھ کراچی سیکٹر کے ذمہ داران ، کارکنان ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ اسلا م امن و سلامتی کا دین ہے جو مسلمانوں کوتمام انسانوں کے احترام اور آپس میں اتحاد کا درس دیتا ہے اوراللہ تعالیٰ بھی رمضان کے مہینے میں اپنی رحمتوں اور ثوا ب میں اضافہ کر دیتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ باطل قوتیں آج چاروں اطراف سے مسلم امہ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور جس کی واضح مثال غزہ میں اسرائیلی جارحیت ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں بیگنا ہ مسلمان بشمول خواتین اور بچوں کے شہید ہوچکی ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر آج مسلمان ممالک غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف متحد نہ ہوئے تو کل تمام مسلم ممالک باطل قوتوں کے نشانے پر ہونگے لہٰذا وقت کا تقاضہ ہے کہ رمضان المبارک کے پیغام کو سمجھتے ہوئے تمام عالم اسلام یکجا ہوکر انسانیت کی بقاء اور نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کے دئیے ہوئے پیغام انسانیت کو عام کرے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بھی موجودہ حالت میں دہشتگردوں سے نبرد آزما ہے اور پاک افواج اس جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والے حق پرست عوام نے آ غاز سے ہی ایم کیو ایم کا ساتھ دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم کے تما م منتخب نمائندے بلا امتیاز رنگ و نسل عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔دریں اثنارکن رابطہ کمیٹی اور حق پرست صوبائی وزیر اوقاف عبد الحسیب نے وفد کے ہمراہ حضرت سچل سرمست ؒ کے29ویںسالانہ عرس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ وفد میں ایم کیو ایم سینٹر ل ایگزیکٹو کونسل کے رکن فرزند علی شاہ ، سندھ تنظیمی کمیٹی کے رکن قطب الدین ، خیر پور زون کے انچارج فتح محمد رنداور دیگر بھی موجود تھے ۔عبد الحسیب نے الطاف حسین کی جانب سے حضرت سچل سرمست ؒ کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔علاوہ ازیں عرس کے موقع پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بر وقت نمٹنے کیلئے ایم کیو ایم خیر پور زون کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جس میں بیک وقت 100سے زائد افرادکے طبی معائنے کی سہولت موجود ہے ۔دریں اثنامتحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاہے کہ اسرائیل کی غزہ پر بمباری کھلی جارحیت کی بد ترین مثال ہے اورتمام مسلم ممالک کو اسرائیل کی بربریت کے خلاف تمام تر اختلافات اور تضادات ختم کرکے معصوم فلسطینیوں کے قتل عام پر عملی طور پر نہ صرف آواز بلند کرنی چاہئے بلکہ اس سلسلے میں اپنا احسن کردار بھی ادا کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کااظہاراراکین رابطہ کمیٹی کنور نوید جمیل ، یوسف شاہوانی ، وسیم اختر ، عادل خان اور اشفاق منگی نے بلدیہ ٹائون ، ڈیفنس ، لانڈھی اور لیاقت آباد سیکٹرز کے زیراہتمام منعقد کی گئی علیحدہ علیحدہ افطار پارٹیوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ ، آصف حسنین ، سفیان یوسف ، خواجہ سہیل منصور ، فوزیہ حمید،ارم عظیم فاروقی ، کامران اختر ، وقار علی شاہ ، خالد احمد اور خالد بن ولایت بھی موجودتھے ۔ اراکین رابطہ نے کہاکہ دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمان ہی نہیں بلکہ کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کا بے گناہ اوربلاجواز خون بہایاگیا اس کے خلاف الطاف حسین نے آواز بلند کی ہے ۔یہ کھلی دہشت گردی ہے اور اس کے خلاف اقوام متحدہ ، او آئی سی ، ملکی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو صدائے احتجاج بلند کرنا چاہئے۔مزید براں رابطہ کمیٹی نے اردو کی شاعرہ محترمہ پروین حیدر کے جواں سال صاحبزادے ریحان حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ (آمین)