پاکستان
15 جولائی ، 2014

بنوں:انصاف یوتھ ونگ کے تحت متاثرین شمالی وزیرستان کیلئے افطاری جاری

بنوں .......اجمل قمر ......انصاف یوتھ ونگ کے زیر اہتمام متاثرین شمالی وزیرستان کیلئے انصاف کچن کے نام سے افطاری کا سلسلہ جاری ہے۔ انصاف یوتھ ونگ کے ضلعی صدر شب نیاز خان،سینئر نائب صدر ملک سلیمان خان غزنوی،نائب صدر عمران جانی،ضلعی جنرل سیکرٹری پیر تیمور شاہ اور دیگر قائدین کی نگرانی میں روزانہ سینکڑوں متاثرین کیلئے جی ایچ ایس نمبر1بنوں سٹی میں افطاری کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ضلعی صدر انصاف یوتھ ونگ شب نیاز خان اور ضلعی جنرل سیکرٹری پیر تیمور شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور انصاف یوتھ ونگ سمیت پی ٹی آئی کے تمام ونگز کے کارکن اور عہدیدار سیاست سے بالاتر ہوکر متاثرین کی امداد کررہے ہیں کیونکہ یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں ہے بلکہ بے گھر قبائلی عوام کی خدمت کا ہے، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان قبائلی عوام سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ان کا دل قبائلی عوام کیلئے دھڑکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ خود بھی بار بار بنوں کے دورے کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ اور تمام وزراء کو بھی دورے کرنے اور متاثرین کی خدمت کی ہدایت کی ہے اور عید بھی متاثرین کے ساتھ منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :