15 جولائی ، 2014
کراچی.....متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رمضان المبارک کے مہینے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح گروہوں کی جانب سے مارکیٹوںکو لوٹنے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عید کی آمد آمد ہے اورمارکیٹوں میں عوام اپنی فیملیوں کے ہمراہ خریداری کے لئے بڑی تعداد میں جارہے ہیں اور ایسے موقع پر شہر میں مسلح گروہوںکی مارکیٹوں پر یلغار سے عوام میں شدید اضطراب اور عدم تحفظ کا احساس پایا جارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے شہر میں مسلح گروہوں کے ہاتھوں لٹنے والے دکانداروں اور عوام سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اورانہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے مطالبہ کیا کہ شہر میں مسلح گروہوں کی مارکیٹوں کو لوٹنے کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے فی الفور سخت نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور عید الفطر کی خریداری کیلئے بازاروں میں آنے والے خاندانوں کو جرائم پیشہ افراد اور گروہوں سے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔ دریں اثنا حق پرست ارکان سندھ اسمبلی بجلی کے تعطل کے باعث کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی دھابیجی پمپنگ پر اسٹیشن پر 72انچ قطر کی ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کی پائپ لائن پھٹنے کے باعث چار دن تک پانی کی فراہمی معطل رہنے اور 50 ملین گیلن روزانہ کی بنیاد چار روز میں تقریباََ200ملین گیلن پانی کی کمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ ایک تو شہر پہلے ہی قلت آب کا شکار ہے اور اس پرشہر کو پانی سپلائی کرنے والی لائن کے پھٹ جانے سے رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کو پانی جیسی نعمت کی فراہمی میں تعطل کے باعث شہر بھر سے محروم ہے ا ور پانی کی عدم فراہمی کے باعث عوام میں شدید بے چینی اور غم وغصہ پایا جارہا ہے ۔ انہوں کہا کہ رمضان کے مہینے میں پانی کی ضرورت عام حالات سے زائد ہوتی ہے لہذا متاثرہ پائپ لائن کی جلد از جلد مرمت کی جائے تاکہ عوام کو پانی کو سہولت فی الفور فراہم کی جاسکے ۔حق پرست ارکان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباداورصوبائی وزیر بلدیات سے اپیل کی کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 72انچ قطر کی پائب لائن کو فوری مرمت کی جائے تاکہ رمضان کے مہینے میں عوام کے لئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔