دنیا
16 جولائی ، 2014

ہیوسٹن محنتی افراد کا شہر ہے ،میئر ہیوسٹن انیس پارکر

 ہیوسٹن محنتی افراد کا شہر ہے ،میئر ہیوسٹن انیس پارکر

ہیوسٹن..... راجہ زاہد اختر خانزادہ...... میئر ہیوسٹن انیس پارکر نے کہا ہے کہ ہیوسٹن محنتی افراد کا شہر ہے اور اس شہر میں مختلف مذاہب اور ثقافت کے حامل افراد کے درمیان مثالی اتحاد اسے امریکا کے دوسرے شہروں سے منفرد بناتا ہے تاہم ضرورت اس اَمر کی ہے کہ مختلف عقائد کے لوگ آگے آئیں اور تنازعات کے خاتمے کا راستہ تلاش کریں وہ گزشتہ روز بے یو سٹی ایونٹ سٹی سینٹر میں ابوظہبی‘ باکو‘ استنبول اور کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشنز کے زیراہتمام اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن کے تعاون سے میئر ہیوسٹن کے ساتھ منعقدہ سالانہ رمضان ڈنر سے خطاب کر رہی تھیں۔ رمضان ڈنر کی انتظامی کمیٹی کی سربراہ روحی اوزگل اور کوآرڈینیٹر سعید شیخ تھے۔ میئر ہیوسٹن انیس پارکر نے کہاکہ ضرورت اس اَمر کی ہے کہ جذبہ خیر سگالی رکھنے والے مختلف عقائد کے لوگ آگے آئیں اور تنازعات کے خاتمے کا راستہ تلاش کریں تاکہ معصوم جانوں کے اتلاف کو روکا جا سکے انہوں نے کہاکہ ہیوسٹن کثیر المذاہب اور ثقافت کے حامل افراد کا شہر ہے لیکن قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہاں سب مل جل کر رہتے ہیں ہیوسٹن اب پہلے والا نہیں بلکہ تیزی سے پھیلنے والا شہر بن گیا ہے جہاں ایک دہائی میں آبادی کے اندر غیر معمولی اضافہ ہوا ہے تاہم ہماری اولین ترجیح ہے کہ جو بھی اس شہر میں آئے اسے مساوی حقوق اور عزت و وقار حاصل ہو۔ انہوں نے تمام مسلمان تنظیموں اور کمیونٹی آرگنائزیشنز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہیوسٹن شہر میں اسلامی تعلیمات اور دیگر پروگراموں کی فراہمی کیلئے سرگرمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہیوسٹن مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور یکجہتی کی واضح مثال ہے کیونکہ قدرتی آفات کے موقع پر یا کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں کمیونٹیز نے ہمیشہ باہمی اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اس لئے شاید ہیوسٹن شہر نے ایک آرڈیننس منظور کیا جو ہر کسی قسم کی تفریق سے لوگوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر کانگریس مین ایل گرین نے کہاکہ امریکہ دنیا کا ایک متمول ملک ضرور ہے لیکن ہم ہر کسی کو محفوظ نہیں کر سکتے تاہم جہاں تک ہماری پہنچ ہے ہم وہاں تک مدد ضرور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے صف اول کے رہنماؤں بشمول سابق رکن سٹی کونسل مسرور جاوید خان اور غلام بمبے والا کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ حق کیلئے ان کے ساتھ کھڑی ہو۔ خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن نے مسلمان کمیونٹی کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ بات ان کیلئے باعث افتخار ہے کہ وہ آج یہاں افطار ڈنر میں موجود ہیں جہاں نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر مذاہب کے پیروکار بھی ایک جگہ جمع ہیں انہوں نے کہاکہ ہم بلا رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے سب کو مساوی حقوق اور انصاف کا مستحق سمجھتے ہیں ہمارا یقین ہے کہ ہر شخص مساوی عزت و وقار کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ مہینہ رحمتوں اور چیریٹی کا ہے۔ انہوں نے سرحد پار سے آنے والے ہسپانوی بچوں کے حوالے سے کہاکہ یہ بچے ہمارے لئے قیمتی ہیں قطع نظر اس بات کے کہ ان کا تعلق کہاں سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو عقیدے کی بنیاد پر مار دینا قابل افسوس ہے تاہم اس مقدس مہینے میں ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہم سب مل کر قیام امن کیلئے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں معاشرے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہم کو ثابت کرنا ہے کہ ہم اس ماہ مقدس میں ایک انسانی خاندان کی طرح متحد ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے منتظمین افطار ڈنر کو کانگریس کی طرف سے ستائشی اسناد بھی پیش کیں۔ ممتاز بزنس مین آئل ٹائیکون جاوید انور نے اعزازی مقرر کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہیوسٹن پوری دنیا کیلئے مثال ہے۔ ہیوسٹن مختلف مذاہب اور عقائد کے حامل افراد کا شہر ہے لیکن یہاں سب مل کر پُرامن طریقے سے زندگی بسر کر رہے ہیں ا۔ انہوں نے کہاکہ اکابرین اور حکام ہیوسٹن تعریف کے مستحق ہیں جنہوں نے اس شہر کو امن کا گہوارہ بنانے اور لوگوں کیلئے بھائی چارہ کی فضا قائم کرنے کیلئے ہمہ وقت جدوجہد کی۔رمضان ڈنر کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ روحی اوزگل نے خطبہ استقبالیہ جبکہ سابق رکن سٹی کونسل مسرور جاوید خان نے تمام تعاون کنندگان سے اظہار تشکر کیلئے اختتامی کلمات پیش کئے۔ سعید شیخ نے تمام اسپانسرز اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر صدر بارک اوباما کا پیغام بھی سنوایا گیا۔ رمضان ڈنر میں جوبریڈ فورڈ نے رمضان کی اہمیت اور ممتاز نوجوان عالم فراز خان نے اللہ کے ساتھ بندے کے تعقات کے موضوع پر خصوصی روشنی ڈالی۔ رمضان ڈنر سے اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر ہاشم بدات نے بھی مختصر خطاب کیا۔ امام عبداللہ نے خصوصی دعا کرائی جبکہ النور مسجد کے ممتاز عالم دین شاہد احمد رضوی کی امام میں لوگوں نے نماز مغرب ادا کی۔


مزید خبریں :