پاکستان
16 جولائی ، 2014

مخیر حضرات خدمت خلق فائونڈیشن کو عطیات دیں ، ڈاکٹر نصرت

 مخیر حضرات خدمت خلق فائونڈیشن کو عطیات دیں ، ڈاکٹر نصرت

کراچی.......ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اورخدمت خلق فائونڈیشن کے انچارج ڈاکٹر نصرت شوکت نے مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ہے وہ رمضان المبارک میں زکوۃ ، فطرہ ، صدقات اور عطیات ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فائونڈیشن کو دیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ خدمت خلق فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے اور اس فلاحی ادارے کے تحت ملک بھر میں عوام کو میت بس سروس ، ایمبولینس سروس، خورشید بیگم ڈسپنسریاں ، نذیر حسین میڈیکل اسپتال ، نذیر حسین یونیورسٹی اوربین الاقوامی طرز کے تعلیمی معیار کے حامل اسکولوں کے ذریعے عوام کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ ملک کی نازک صورتحال میں خدمت خلق فائونڈیشن شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی امداد بھی بڑھ چڑھ کر رہا ہے جبکہ رمضان کے مقدس مہینے میں خدمت خلق فائونڈیشن کے زیر اہتمام آخری عشرے میں بڑا امدادی پروگرام منعقد کیاجاتا ہے جس میں ہزاروں غرباء ، مستحقین ، یتیموں اور ضرورتمندوں کو کروڑوں روپے مالیت کی امدادی اشیاء اور نقد رقوم تقسیم کی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ خدمت خلق فائونڈیشن نے آزاد کشمیر کے زلزلہ ، ایران کے شہر بام ، تھر کے قحط زدہ علاقوں ، بلوچستان کے زلزلہ زدہ علاقوں میں اپنی وہ خدمات انجام دیں ہیں جنہیں وہاں کے عوام قدر کی نگاہ دیکھتے ہیں ۔ ڈاکٹر نصرت شوکت نے مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی کہ وہ شمالی وزیرستان کے متاثرین اور رمضان المبارک میں غرباء ، مساکین ، مستحقین اور ضرتمندوں کی بھر پور امداد کیلئے اپنے عطیات خدمت خلق فائونڈیشن کوزیادہ سے زیادہ تعداد میں دیں اور دکھی انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ دریں اثنا خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت اورنگی ٹاؤن کے علاقے اسلام نگر میں افضا ء الطاف ووکیشنل ٹریننگ سینٹرکا افتتاح کر دیا گیا ۔الطاف حسین کی ہدایت پرایک کروڑ روپے سے زائد مالیت سے قائم ہونے والے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کو اورنگی کی ٹاؤن انتظامیہ اور متعلقہ حق پرست اراکین اسمبلی کے فنڈز سے تعمیر کیا گیاہے ۔ افضا ء الطاف ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں ابتدائی طو ر پر سلائی ،کڑہائی،مختلف کمپیوٹر اور انگلش لینگویج کے بنیادی کورسز کا آغاز کیا گیا ہے جس میں میریٹ کی بنیاد پر داخلے جاری ہیں ،کلاسز کا آغاز عید کے فوری بعد کردیا جائیگا ۔ افضا ء الطاف ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کا افتتاح رابطہ کمیٹی کے رکن خالد سلطان نے کیا ۔اس موقع پر وسیم اختر، حق پرست اراکین اسمبلی سیف الدین خالد، محمد حسین ، ٹاؤن ایڈمنسٹریٹر ویسٹ، اورنگی ٹاؤن انتظامیہ کے عہدیداران ، ایم کیو ایم اورنگی ٹاؤن کے مختلف یونٹس کے ذمہ دران، کارکنان اور حق پرست عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خالد سلطان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الطاف حسین نے جدو جہد کے آغاز سے ہی بلا تفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کی ہے۔ وسیم اختر نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک بھر میں انسانیت کی خدمت کرتی آ رہی ہے ۔

مزید خبریں :