17 جولائی ، 2014
کیف.......ملائیشیاکا مسافر طیارہ یوکرین میں گرکر تباہ ہوگیا ۔روسی خبرایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملائیشین ایئرلائن کے طیارے بوئنگ 777کو مشرقی یوکرین میں 10 کلومیٹر بلندی پر نشانہ بنایاگیا،مسافرطیارہ روسی سرحدکے قریب یوکرین میں گرا ہے،طیارے میں سوار مسافروں کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔روسی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کا مسافرطیارہ مقررہ روٹ سے روس میں داخل نہیں ہوا۔خبرایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں روس کے مندوب نے ملائیشین طیارے کو مارگرانے کا الزام مستردکردیا ہے۔ دوسری جانب یوکرائنی وزیرداخلہ کےمعاون نے تصدیق کی ہے کہ مسافر طیارے کے گرنے سے اموات ہوئی ہیں۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق طیارے میں 295مسافر سوار تھے،طیارہ ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جارہاتھا۔طیارے کے گرنے کے مقام پر امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔اس سے قبل مارچ میں ملائیشیا ہی کا طیارہ اچانک فضا میں غائب ہوگیا تھا جس کا تاحال سراغ نہیں مل سکا۔