17 جولائی ، 2014
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ہنگو کے علاقے دورڑی بانڈہ میں سڑک کنارے نصب یکے بعد دیگر ے دو دھماکوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت اور دھماکے میں متعدد افراد کی ہلاکت پر دکھ اور اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انھوںنے دھماکے میں زخمی ہونے والو ں کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاکستان افواج کے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر دہشت گرد رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے بم دھماکوںاور دہشت گردی کا سلسلہ شروع کیاہوا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھوکھلا کردیا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمیں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوکر یکجہتی کا اظہارکرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے سے ملک کی ترقی کا پہیہ جام کردیا ہے اور ملک کی معیشت تباہ حالی کا شکار ہوچکی ہے۔ الطاف حسین نے صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار ، گورنر خیبرپختونخواہ سردار مہتاب عباسی ، وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ ان دھماکوں میں ملوث دہشتگردوں کوجلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے ، دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے فی الفور متفقہ لائحہ عمل بنایاجائے اور دہشت گردی کے عفریت سے ملک و قوم کو جلد از جلد نجات دلائی جائے ۔ دریں اثنا متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیر اعظم نواز شریف کے خصوصی احکامات کے بعد سینٹرل ڈیولپمنٹ ورگنگ پارٹی کے اجلاس میں کراچی کو فراہمی آب کے بڑے منصوبے K-4 کی منظوری اور سی ڈی ڈبلیو پی و ایگزیکٹوکمیٹی فار نیشنل اکنامک کونسل کے آئندہ اجلاسوں میں کراچی کے شہریوں کی فلاح کے لئے دیگر بڑے منصوبوں کو شامل کر نے کی یقین دہانی کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوامی مسائل حل کرنے کو ترجیح دی ہے اور کوشش کی ہے کہ ارباب اختیار کو عوامی مشکلات سے آگاہ کر کے ان مسائل کی حل کو یقینی بنایا جائے،ایم کیو ایم نے گزشتہ اجلاسوںمیں بھی وزیر اعظم کی توجہ کراچی کو فراہمی آب کے منصوبے K-4 اوردیگر بڑے تعمیراتی منصوبوں کی جانب مبذول کروائی تھی لیکن وزیر اعظم کی یقین دہانی کے باوجود ان منصوبوں کو ایکنیک اور سی ڈی ڈبلیو پی کے گزشتہ اجلاسوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم کی توجہ کراچی کے شہریوں کی فلاح کی جانب دلانے پر وزیر اعظم نے اپنے پرنسپل سیکریٹری جاوید اسلم کو ہدایت کی کہ وہ ایکنیک اور سی ڈی ڈبلیو پی کے آئندہ اجلاسوں میں کراچی کے اہم منصوبوں کو لازمی طور پر شامل کریں۔ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیر اعظم کی جانب سے کراچی کے اہم منصوبوں پر توجہ دینے پر الطاف حسین کی جانب سے انکا شکریہ ادا کیا ۔