14 اپریل ، 2012
کراچی … بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا تعمیراتی کام اگلے 3ماہ میں مکمل کرکے شیریں جناح کالونی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں پارک ہونے والے آئل ٹینکرز کو پارکنگ ٹرمینل منتقل کردیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کی غرض سے کئے گئے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کے فیز ون کو 313 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں 150 ایکڑ اراضی کی لیونگ ڈریسنگ مکمل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تعمیر مکمل ہوتے ہی کسی بھی آئل ٹینکر کو شہر کے کسی مقام پر پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، اس آئل ٹینکر پارکنگ ٹرمینل میں 2375 آئل ٹینکرز پارک کئے جاسکیں گے۔