19 جولائی ، 2014
کراچی........شہر قائد میں ایک منظم سازش کے تحت شیعہ تاجروں کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا جارہا ہے،گذشتہ تین روز میں دو شیعہ تاجر عدیل عباس اور حیدر رضوی کو ان کی دکانوں پراندھا دھند فائرنگ کر کے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا دیئے گئے، سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئیں ، آپریشن کی سمت واضح کی جائے ،شہر میں شیعہ تاجروں کا دکانوں پر قتل باعث تشویش ہے، ادارے شیعہ تاجروں کو تحفظ دینے میں یکسر ناکام ہیں ،اگر ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے گئے تو بھر پور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجازحسین بہشتی نے شہید عدیل عباس کے جلوس جنازہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شہدائے ملت جعفریہ کا خون ِناحق ضرور رنگ لائے گا، شہادتیں ہماری کمزوری نہیں بلکہ طاقت کا نام ہیں ۔ انہوں نے ایف سی ایریا میں شہید ہو نے والے دکاندارایم ڈبلیوایم کے ہمدرد عدیل عباس اورپی آئی بی کالونی میں شہید ہونے والیدکاندار ایم ڈبلیوایم کے ہمدرد حیدر رضوی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیااور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر وہ شیعہ مکتب سے تعلق رکھنے والوں کا تحفظ نہیں کر سکتے تو واضح کردیں ہم اپنی حفاظت کا انتظام خود کریں ۔دریں اثنا فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ پر جاری صیہونی جارحیت کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج بعنوان ’’کلنا فلسطین ‘‘ منایا گیا اور ملک بھر میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔