دنیا
24 جولائی ، 2014

ڈیلس : ڈاکٹر حسن ہاشمی کے گردوں کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن

ڈیلس : ڈاکٹر حسن ہاشمی کے گردوں کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن

ڈیلس ......راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی...... امریکا اور دیگر خلیجی ممالک میں ہیلتھ کیئر بزنس کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کے ٹائیکون‘ ڈیلس کائونٹی میں واقع ٹیکساس جنرل اسپتال کے مالک ڈاکٹر حسن ہاشمی کے گردوں کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن ڈیلس کے ایک بڑے معروف اسپتال میں کیا گیا جس میں امریکاکے معروف سرجنوں نے حصہ لیا۔ آپریشن کے موقع پر ڈاکٹر حسن ہاشمی کے اہل خانہ اور قریبی فیملی فرینڈز کی ایک بڑی تعداد اسپتال کے باہر موجود تھی۔ اس دوران اسپتال کے باہر دعائیں بھی کی گئیں جبکہ ان کے دوستوں کی جانب سے مساجد میں بھی ان کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں کرائی گئیں۔ ڈاکٹر حسن ہاشمی کو آپریشن کے بعد چند روز تک انتہائی نگہداشت کے کمرے میں رکھنے کے بعد گزشتہ روز عام کمرے میں منتقل کر دیا گیا اور اب وہ تیزی سے روبصحت ہو رہے ہیں جبکہ عضو بندی کے ذریعے لگایا جانے والا گردہ بھی کام کر رہا ہے تاہم احتیاط کے طور پر اب تک ڈاکٹروں نے ان کو ممکنہ انفیکشن سے بچانے کیلئے ملاقاتوں پر سختی سے پابندی عائد کی ہے۔ ڈاکٹر ہاشمی کی اہلیہ ویسٹ چپلن فلوریڈا کی سابق میئر سلمیٰ ہاشمی‘ ان کے صاحبزادوں سلمان ہاشمی‘ فراز ہاشمی اور ہارون ہاشمی نے کمیونٹی اور دوستوں‘ عزیزوں سے اظہار تشکر کیا ہے جنہوں نے ڈاکٹر ہاشمی کی خیریت دریافت کی اور ٹیلی فون کئے۔ فیملی کے اراکین مسلسل اسپتال میں موجود ہیں جبکہ آئندہ چند دنوں میں ان کو اسپتال سے گھر منتقل کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم اپنا ٹیکساس کے صدر ڈاکٹر دائود ناصر‘ مسلم ڈیموکریٹک کاکس امریکہ کے صدر سید فیاض حسن‘ سائوتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے رہنمائوں ڈاکٹر قیصر عباس‘ راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ ڈیلس پیس سینٹر کے رہنماء آفتاب صدیقی‘ پاکستان کونسل آف ڈی ایف ڈبلیو کے صدر عکرمہ خان‘ معروف پاکستانی ڈاکٹروں ڈاکٹر حق نواز‘ اٹارنی مہ روز نواز‘ ڈاکٹر عارف محمود اور دیگر نے ڈانکٹر حسن ہاشمی کی صحت یابی کیلئے دعا کی ہے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر حسن ہاشمی پاکستانی کمیونٹی کیلئے ایک اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی کے دیگر افراد سے بھی دعا کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر حسن ہاشمی عرصہ دراز سے گردوں کے امراض میں مبتلا تھے جس کے باعث ان کے دونوں گردوں نے کام کرنا بند کر دیا تھا اور ان دنوں وہ مکمل طور پر ڈائیلاسس پر تھے تاکہ باوجود اس بیماری کے وہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے کاموں اور اپنے بزنس میں متحرک تھے۔ مذکورہ گردہ کسی شخص نے ان کو عطیہ کیا ہے۔

مزید خبریں :