15 اپریل ، 2012
کراچی…سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں 160 قبیلوں میں سے صرف تین قبائل مسائل پیدا کرتے ہیں،کراچی میں پاکستان فرسٹ فورم سے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بلوچستان کی صورتحال پر دکھ ہوتا ہے افسوس کی بات ہے لوگوں کو بلوچستان میں اصل اور درست صورتحال کا اندازہ نہیں ہے ،بلوچستان میں پاکستان کی چار فیصد آبادی رہتی ہے جن میں سے ساٹھ فیصد پاکستان کے حق میں ہیں ، پرویز مشرف نے اپنے ریکارڈڈ پیغام میں کہا کہ بلوچستان میں 160 قبیلوں میں سے صرف تین قبائل مسائل پیدا کرتے ہیں، صرف تین سے چار ہزار لوگ ہیں جو دہشت گردی میں ملوث ہیں اور انھیں بیرونی عناصر کی مدد حاصل ہے ۔پرویز مشرف نے کہا کہ ہم نے بلوچستان میں چار یونیورسٹیاں ، تین کیڈٹ کالج کھولے اور ماسٹرز کرنے والوں کو دس ہزار روپے اور نوکری دی ، پرویز مشرف نے کہاکہ بلوچستان لبریشن ارمی کو باہر کے عناصر کی سپورٹ ہے جب تک پاکستان کی فوج ہے نہ بلوچستان الگ ہوگا نہ پاکستان کو نقصان ہونے دیں گے ۔