15 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان کرپشن ختم کرنے کا نسخہ بتا دیں ہم عمل کرینگے، نیٹو سپلائی کے معاملے کا پارلیمانی سفارشات کی روشنی میں جائزہ لیا جائے گا، حکومت کا سیاسی شہید بننے کا کوئی ارادہ نہیں، نواز شریف کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ وزیر اعظم ہاوٴس اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم، اے این پی اور مسلم لیگ ن کے ارکان کی جانب سے بھی سرائیکی صوبے کی حمایت کی گئی، بنوں جیل حملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست اب کمزور دل لوگوں کا کام نہیں رہا اور وہ مضبوط دل کے ہیں، پیپلزپارٹی کے لوگ سب کچھ ہوسکتے ہیں مگر بزدل نہیں۔ ایک سوال پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسامہ کی موجودگی پوری دنیا کی انٹیلی جنس کی ناکامی تھی، القاعدہ دہشت گردی کیلئے پاکستان کی سرزمین استعمال نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پارلیمانی سفارشات کا احترام کرے گا، پارلیمنٹ کی متفقہ سفارشات سے حکومت کے ہاتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقادر گیلانی کو خود ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے کو کہا اور دوسرے بیٹے پر الزامات لگے تو اسے بھی یہی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی کسی کو فون کر کے کچھ کہہ سکتا ہے اس کی کتنی سزا ہوسکتی ہے، ان کی بیٹی بن کر کسی نے فون کرکے ایک این جی او بند کرادی، تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں ان کی ترجیح، بیروزگاری، لوڈ شیڈنگ اور زرعی شعبے کی ترقی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کرپشن ختم کرنے کا کوئی نسخہ ہمیں بتا دیں تو ہم عمل کریں گے۔