15 اپریل ، 2012
کراچی … عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ہے۔ ایک بیان میں شاہی سید نے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، ملک میں فرقہ واریت کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کیلئے موٴثر اقدامات کرنا ہوں گے اور ترقی پسند قوتوں کو مشترکہ موٴقف اختیار کرنا ہوگا، خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے تمام واقعات کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر صورت میں دہشت گردوں کو شکست دیں گے، ہماری منزل امن ہے جس کی جانب ہم مسلسل پیش قدمی کر رہے ہیں۔ شاہی سید نے مزید کہا کہ کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر خطے سے انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے، کوئی بھی مذہب کسی بے گناہ کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتا ۔