دنیا
16 اپریل ، 2012

کابل میں جھڑپیں ختم،تمام حملہ آور ہلاک کر دیئے، پولیس

کابل میں جھڑپیں ختم،تمام حملہ آور ہلاک کر دیئے، پولیس

کابل…افغان حکام کے مطابق کابل میں گذشتہ روز سے جاری جھڑپیں ختم ہو گئی ہیں اور تمام حملہ آور ہلاک کر دیئے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صادق کے مطابق حملہ آوروں کے آخری دو ٹھکانے، ڈپلومیٹک انکلیو اور پارلیمنٹ کو بھی کلئیر کرا لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز افغان طالبان نے کابل، جلال آباد، لوگر اور گردیز میں حملے کیے اور اس دوران سفارت خانوں،پارلے منٹ، ائر پورٹ اور سرکاری عمارتوں کونشانہ بنایا۔ افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 19 شدت پسند ہلاک اور 14 پولیس اہلکاروں سمیت 23 افراد زخمی ہوئے۔افغان وازرت خارجہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملوں میں حقانی نیٹ ورک کے ملوس ہونے کا اشارہ ملا ہے لیکن ابھی اس کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ پولیس کے مطابق حملے کے دوران کابل میں8 اور صوبہ لوگر میں 3دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ انٹیلی جنس حکام کے مطابق کابل پر حملے کے دوران نائب صدر محمد کریم خلیلی حملہ آروں کا نشانہ تھے۔خودکش حملہ آوراپنے مقررہ ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے اور دو کو گرفتار کرلیا گیا۔ کابل میں امریکی سفیر ریان کروکر نے بتایا ہے طالبان کے ایک ساتھ کئی حملوں کے جواب میں افغان سکیورٹی فورسز کی کاروائی بہتری کی واضح علامت ہے۔ ایساف کمانڈرجان ایلن کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کر کے شہریوں کی جان بچائی۔

مزید خبریں :