16 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کامسیٹس کمیشن کو رکن ممالک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے باہمی رابطے بڑھانے اور ایک کروڑ ڈالر کے انڈونمنٹ فنڈ کے قیام کی تجویز دی ہے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں کامسیٹس کمیشن کے دوسرے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کیلئے اقدامات کررہاہے اور کامسیٹس کمیشن کے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی سطح پر فلاحی منصوبوں، موسمیاتی تبدیلیوں اور سماجی و معاشی بہتری کے حوالے سے پالیسیز مشترکا طور پر تشکیل دینا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ رکن ممالک کو مشترکا طور پر ایک کروڑ ڈالر کا انڈونمنٹ فنڈ قائم کرنا چاہئے اور پاکستان اس فنڈ میں فوری طور پر 10 لاکھ ڈالر دینے کو تیار ہے۔