پاکستان
17 اپریل ، 2012

پاکستان اور بھارت سیاچن سے فوجیں واپس بلائیں،نواز شریف

پاکستان اور بھارت سیاچن سے فوجیں واپس بلائیں،نواز شریف

اسکردو… مسلم لیگ ن کے صدر میں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت سیاچن سے اپنی فوجیں واپس بلالیں۔ اس معاملے میں پہل پاکستان کو کرنی چاہیے۔ اسکردو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے پاس دہشتگردوں سے نمٹنے کا حوصلہ ہے اور نہ صلاحیت، دہشتگردی پر فوری توجہ دے کر اسے جڑ سے اکھاڑنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے جوانوں نے پاک فوج میں اہم کردار ادا کیا۔ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں۔ اور برف پر سو کر وطن کا دفاع کررہے ہیں۔ شاہراہ قراقرم اور کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ پر ہر پاکستانی دکھی ہے۔ میاں نواز شریف نے گیاری سیکٹر میں برفانی تودے میں دبے جوانوں کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ایک فرد کو پنجاب میں نوکری دینے کا اعلان کیا۔ اور انکے اہل خانہ کو فی کس 5 لاکھ روپے کے چیک دیے۔ نواز شریف نے ریسکیو ورکرز کو دو سو خیمے بھی دیے۔ اس سے پہلے نواز شریف نے گیاری سیکٹر میں جاری امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ اسکردو ایئرپورٹ پر مسلم لیگ کے کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ ماروی میمن، پرویز رشید اور مہتاب عباسی بھی نواز شریف کے ہمراہ تھے۔ اسکردو ایئرپورٹ پر کچھ دیر قیام کے بعد نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے گیاری پہنچے اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل خالد نواز اور فورس کمانڈر میجر جنرل اکرام الحق نے بریفنگ دی۔

مزید خبریں :