25 اگست ، 2014
لاہور..... مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ کوئی مائی کا لال نواشریف کا استعفیٰ نہیں مانگ سکتا، تحریک انصاف میں 12 ارکا ن کا فارورڈبلاک بن گیا ہے ، عمران خان چار سال کا راشن اپنے کنٹینر میں رکھ لیں ۔ لاہور میں استحکام پاکستان ریلی سے حمزہ شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیروز پورروڈ سے چیئرنگ کراس تک لوگ ہی لوگ ہیں،پورے پاکستان نے فیصلہ دیدیا ہے کہ کوئی مائی کا لال نوازشریف کا استعفیٰ نہیں مانگ سکتا، مجھے نہیں معلوم عمران خان لاہورمیں کیوں گھومتے رہے، جب عمران خان لاہور سے نکلے تھے تو کہتے تھے کہ آدھے راستے میں ہونگے کہ استعفیٰ آجائےگا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے عمران خان کے مطالبے کو رد کردیا ہے، غرور اور تکبر کا سر ہمیشہ نیچاہوا کرتا ہے،عمران خان نے فخرالدین جی ابراہیم جیسے ایماندار شخص پر بھی الزامات لگادیئے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ نے نازیبا گفتگو کی، نوازشریف کا دل اورکلیجہ شیر کا ہے، میاں نوازشریف پر آفرین ہے، اشتعال کےباوجود جواب نہیں دیا، کراچی سے لاہورتک موٹر وے بنا کر عمران خان کو جواب دینگے، بجلی کے کارخانوں سے دھواں نکلے گا اورقوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی۔ حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے دھرنے کو دھرنا نہیں دھرنی کہوں گا، ان کے دھرنے میں روزانہ میوزیکل شو لگایا جاتا ہے، کہتے ہیں نیا پاکستان بناؤں گا،کیا ماؤں بہنوں کو نچوا کر نیا پاکستان بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بچے کی ضد ہے کہ اسے وزیر اعظم بنادو،عمران خان صاحب !پانچ سال کی مدت پوری ہونے دو ، پھر قسمت آزمانا،ہم سے نظریاتی اختلاف رکھنے والی پارٹیوں نے بھی قومی اسمبلی میں نوازشریف کے حق میں قرارداد منظور کی،ہم نے بھی لانگ مارچ کیا ، آئین کی پاسداری اور ججوں کی بحالی کےلیے،جب ہدف پورا ہوگیا تو گوجرانوالہ سے واپس چلے آئے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان سول نافرمانی کی کال دے کر پاکستان سے دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں،پوری قوم نے سول نافرمانی کی کال کو مسترد کردیا ہے، آج پی ٹی آئٍ میں 12ایم این ایز کا فارورڈ بلاک بن گیا ہے، فارورڈ بلاک کا کہنا ہے کہ عمران خان نے استعفی دینا ہے تو دیں ، ہم نہیں دینگے،ڈالر نیچے آنے پر استعفی دینے والے صاحب ،کدھر ہے آپ کا استعفیٰ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ دھرنوں سے معیشت کو 700ارب کا نقصان ہو ا، ریڈ زون میں داخل ہوکر تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، عمران خان صاحب آپ نے 13روز قوم کا وقت ضائع کیا۔ حمزہ شہباز کے خطاب کے دوران استحکام پاکستان ریلی میں گوعمران گو کے نعرے لگائے گئے۔