پاکستان
25 اگست ، 2014

بے بنیاد الزامات پر جیو/ جنگ گروپ کا عمران خان کو قانونی نوٹس

بے بنیاد الزامات پر جیو/ جنگ گروپ کا عمران خان کو قانونی نوٹس

کراچی...... بے بنیاد الزامات پر جیو اور جنگ گروپ نے عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ کینہ پرور اور ذاتیات پر مبنی مہم شروع کرنے، بے ہودہ اور توہین آمیز الزامات عائد کرنے پر معافی مانگیں اور شہرت کو نقصان پہنچانے پر 50 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔ نیا پاکستان بنانے والوں کا انداز، الزام تراشی اور پگڑیاں اچھالنے کو آزادی اظہار قرار دے ڈالا۔ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی جانب سے جنگ اور جیو گروپ کے خلاف مسلسل بیان بازی اور الزامات کے بعد انہیں قانونی نوٹس بھجوایا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ جنگ اور جیو گروپ ملک کا سب سے بڑا میڈیا ہائوس ہے جو نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک پاکستانیوں میں عزت، احترام، پہچان اور ایک مقام رکھتا ہے،، اپنی اسی ساکھ اور شہرت کے سبب ادارہ کئی اعزازات بھی حاصل کرچکا ہے۔ ادارہ شعبہ صحافت کے علاوہ سماجی اور فلاحی کاموں کی وجہ سے بھی بے داغ شہرت اور ساکھ رکھتا ہے اور ماضی میں (آپ )عمران خان نے بھی ہمارے ادارے کے ہمراہ متعدد سماجی بہبود کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس کا ثبوت آپ کی میر خلیل الرحمان فائونڈیشن کے ساتھ آپ کی وابستگی تھی۔ ہم اس بات کو سراہتے ہیں، ایک شہری اور ایک قومی شخصیت ہونے کے ناطے آپ کو قومی امور پر تبصرہ کرنے اور اعتراضات اٹھانے کا حق ہے اور ہمارے ادارے نے اس حوالے سے باقاعدہ اور شفاف رپورٹنگ بھی کی۔ عمران خان نے حالیہ دنوں میں جنگ اور جیو گروپ کے خلاف انتہائی ہتک آمیز اور حقارت آمیز بیانات دیے بلکہ "بلیک میلر" اور "فرعون" جیسے الفاظ بھی استعمال کیے، جو کسی تہذیب یافتہ معاشرے میں بات چیت کا حصہ نہیں ہوسکتے اور عمران خان آپ مسلسل ان الزامات کو دہراتے رہے ہیں جو کہ اشتعال انگیز اور ٹھیس پہنچانے والے ہیں۔ عمران خان نے جھوٹا الزام عائد کیا کہ ہمارے ادارے کو پاکستان اور سری لنکا کرکٹ سیریز کے نشریاتی حقوق جعل سازی سے فروخت کیے گئے۔ آپ نے جھوٹا الزام عائد کیا کہ ہمارے ادارے کو ایک ملک کی جانب سے اس کے ایجنڈے پر عمل کے لیے امداد ملتی ہے، یہ ہمارے ادارے کی حب الوطنی پر شکوک پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ ادارے نے آپ کو اور آپ کی پارٹی کی سینیئر کو کئی ای میلز اور پیغامات بھیجے تاکہ آپ اپنی پوزیشن واضح کریں تاہم آپ نے جواب دینے کے بجائے اپنی شرانگیز مہم جاری رکھی جس میں نیک نیتی کا پہلو نہیں بلکہ کینہ پروری کے عناصر ملتے ہیں۔ تمام صورت حال کے بعد ادارے نے فیصلہ کیا کہ آپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاوقتیکہ آپ معافی مانگ کر ہرجانہ ادا نہ کردیں، تمام الزامات واپس لیں اور اپنا معافی نامہ وسیع پیمانے پر شایع کروائیں اور ہمارے ادارے کو ہونے والے نقصانات کی مد میں 50 کروڑ روپے ہرجانہ ادا بھی کریں۔ اس نوٹس کے جواب میں نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے الزام تراشی اور پگڑیاں اچھالنے کا آزادی اظہار قرار دے ڈالا۔

مزید خبریں :