27 اگست ، 2014
لاہور..... پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما میاں محمودالرشید نے اپنی پارٹی کے 28 ارکان کے استعفے سیکرٹری اسمبلی کے حوالے کر دیئے جبکہ پی ٹی آئی کے 2 ارکان نے اپنی قیادت سے رابطے منقطع کردیئے ہیں ۔ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 30 میں سے 28 ارکان نے اپنے استعفےاپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کےحوالے کر رکھے تھے جو سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو پیش کئے گئے تاہم استعفے دیتے وقت پی ٹی آئی کے چند ارکان ہی سیکرٹری اسمبلی کے کمرے میں ذاتی طور پر موجود تھے۔استعفے نہ دینے والے 2 ارکان نگہت انتصار بھٹی اور جہانزیب خان کھچی کا انتظار کیا جا تارہالیکن وہ نہ پہنچ سکے۔ میاں محمود الرشید کاکہنا تھا کہ حکومت ڈیلیور کرنے میں ناکام رہی، وہ ان اسمبلیوں میں نہیں بیٹھنا چاہتے۔ ؕپی ٹی آئی کے پنجاب اسمبلی میں 24ارکان براہِ راست اور6مخصوص نشستوں پر منتخب ہوئے ۔ اب یہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پر منحصر ہے، وہ یہ استعفے ایک خاص مدت تک اپنے پاس رکھتے ہیں یا الیکشن کمیشن کو بھجوا کر ضمنی الیکشن کیلئے کہتےہیں۔