27 اگست ، 2014
ملتان......ملتان اور بہاول نگر میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام "جمہوریت بچائو" ریلیاں نکالی گئیں۔ملتان میں نواز لیگ کےکارکنوں نے شہر کےمختلف علاقوں سے "جمہوریت بچائو" ریلی نکالی ۔ ریلی کی قیادت مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر نے کی، جبکہ صوبائی وزیر جیل خانہ جات چودھری ظہیر، تہمینہ دولتانہ، حاجی احسان الدین قریشی اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئےگھنٹہ گھر چوک پرجمع ہوئے ۔ ریلی کے شرکاء نے وزیر اعظم نواز شریف اور جمہوریت کےحق میں نعرے لگائے اور آزادی اور انقلابی دھرنوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مظفر گڑھ میں مسلم لیگ (ن) کی ریلی ممبر صوبائی اسمبلی حماد نواز ٹیپو کی زیر قیادت کچہری چوک سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے چوک قنوان پہنچی۔اس موقع پر شرکاء کاکہناتھاکہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریت کے دشمنوں کو پہچان چکی ہے۔ بہاول نگر میں بھی مسلم لیگ یوتھ ونگ کے کارکنوں نے نواز شریف کی حمایت میں کامرس کالج چوک سے رفیق شاہ چوک تک موٹرسائیکل ریلی نکالی۔