کاروبار
18 اپریل ، 2012

گیس درآمد :پاکستان بھارت اور افغانستان مذاکرات بے نتیجہ ختم

گیس درآمد :پاکستان بھارت اور افغانستان مذاکرات بے نتیجہ ختم

اسلام آباد… ترکمانستان سے گیس کی درآمد کے منصوبے پر پاکستان بھارت اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ فیس کے بارے میں مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے ، بھارت نے افغانستان کی جانب سے طلب کی گئی 50سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو ٹرانزٹ فیس دینے پر رضا مندی ظاہر نہیں کی۔ پاکستان بھارت اور افغانستان کے درمیان ترکمانستان سے گیس کی درآمد کے منصوبے کی ٹرانزٹ فیس طے کر نے کے لیے مذاکرات اسلام آباد میں ہوئے۔ پاکستانی وفد کی نمائندگی سیکرٹری پٹرولیم اعجاز چوہدری ، بھارتی وفد کی نمائندگی ایڈیشنل سیکریٹری پٹرولیم و قدرتی گیس سدھیر بھرگیو جبکہ افغان وفد کی قیادت نائب وزیر خزانہ مصطفیٰ مستور نے کی۔ سیکریٹری پٹرولیم اعجاز چوہدری نے مذاکرات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ افغانستان نے ٹرانزٹ فیس کی مد میں بھارت سے 54سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو مطالبہ کیا جسے وہ کم کر کے 50سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے پر رضا مند ہو گیا تاہم بھارت نے پہلے 45 سینٹ ٹرانزٹ فیس پر آمادگی ظاہر کی جس سے افغانستان نے اتفاق نہیں کیا۔ بھارتی وفد نے کہا کہ ٹرانزٹ فیس 47 سینٹ کی جا سکتی ہے تاہم متعلقہ فورم سے منظوری لینے کے بعد بتائیں گے۔ سیکریٹری پٹرولیم اعجاز چوہدری کے مطابق بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کو اتنی ہی ٹرانزٹ فیس ادا کردے جتنے پر اس کا افغانستان کے ساتھ اتفاق ہو گا۔ اس منصوبے سے بھارت اور پاکستان کو یومیہ 3 ارب، 20 کروڑ مکعب فٹ گیس حاصل ہو گی اور منصوبہ 2016تک مکمل ہونے کی امید ہے جس کی لاگت کا تخمینہ 7.6ارب ڈالر ہے۔

مزید خبریں :