پاکستان
10 ستمبر ، 2014

مفتی نعیم کے داماد اورحیدر رضوی کے کو آرڈینیٹر سمیت نوافراد قتل

 مفتی نعیم کے داماد اورحیدر رضوی کے کو آرڈینیٹر سمیت نوافراد قتل

کراچی.....کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ہے کہ رکنے اور تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی، مفتی نعیم کے داماد ، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی کے کو آرڈینیٹر اور دو بھائیوں سمیت 9افراد کو قتل کردیا گیا۔ فیڈرل بی ایریا کے علاقے نصیر آباد میںدکان پر فائرنگ سے حیدر عباس رضوی کے کوآرڈینیٹر سلمان کاظمی کو قتل کردیا گیا۔ایس ایس پی سینٹرل نعمان صدیقی کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی کے قریب ہدف بناکر 37سالہ مولانا مسعود بیگ کو قتل کردیا گیا، مقتول جامعہ بنوریہ العالمیہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم کے دامادتھے ، وہ معمول کے مطابق اپنی گاڑی میں نارتھ ناظم آباد سے گزررہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نےانہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ انکے سر اور گردن میں 6گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے،موقع سے حکام کو نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے چار خول ملے۔ ایف سی ایریا میں دکان پر فائرنگ کر کے دانش نامی نوجوان کو قتل کردیا گیا۔ لیاری میں غریب شاہ مزار کے قریب فائرنگ کر کے 35سالہ اکرم بلوچ کو قتل جبکہ 30سالہ بلال بخش کو زخمی کردیا گیا۔ کورنگی نمبر5میں دودھ کی دکان کے قریب فائرنگ کر کےدو بھائیوں محمد عرفان محمد ارشد سمیت سلیم صدیقی نامی شخص کو قتل کردیا گیا، سرجانی ٹاون کے علاقے خدا کی بستی میں دکان کے باہر فائرنگ کر کے عمران مشتاق نامی شخص کو قتل کردیا گیا۔





مزید خبریں :