پاکستان
10 ستمبر ، 2014

دریائے چناب کا سیلابی ریلا ملتان کی طرف بڑھ رہا ہے

دریائے چناب کا سیلابی ریلا  ملتان کی طرف بڑھ رہا ہے

ملتان...... دریائے چناب کا سیلابی ریلا ملتان کی طرف بڑھ رہا ہے جو آج رات ملتان کی حدود میں داخل ہو گا ۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے بھی ملتان کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ دریائی علاقے میں پھنسے ہوئے ہر شخص کو نکال لیا جائے۔ جھنگ کے تریموں ہیڈورکس سے آنے والا دریائے چناب کا تقریباً 6 لاکھ کیوسک فٹ سے زائد پانی کا سیلابی ریلا ملتان اور مظفر گڑھ کی طرف بڑھ رہا ہے جو آج رات کسی وقت ملتان کی حدود میں داخل ہو گا ۔اس ریلے کی وجہ سے ملتان میں اس وقت بھی تین لاکھ کیوسک سے زاِئد پانی شہر کے حفاظتی بندوں سے ٹکرا رہا ہے ۔ کسی بھی خطرے کی صورت میں شہر اور کینٹ کو بچانے کے لئے ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ کے قریب بندوں کو توڑنے کا پلان تیار ہے اور جگہ کی نشان دہی کر کے بارودی مواد نصب کر دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 2 لوگ سیلابی پانی میں جاں بحق ہو چکے ہیں اور اس وقت تک حفاظتی بندوں کے اندر بند بوسن ، نواب پور ، عمر پور ، گرے والا ، قام بیلہ ، محمد پور گھوٹہ ، شہر شاہ ، شجاع آباد اور جلال پور پیروالا کے علاقوں میں آباد ایک لاکھ 50 ہزار افراد متاثر ہ ہو رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق خطرہ ہے کہ اتنے زیادہ سیلابی پانی شہر یا کینٹ کے علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے ملتان پہنچے اور ائرپورٹ پر ملتان اور ڈیرہ غازی خان کی انٹطامیہ سے سیلاب کے بارے میں میٹنگ کی جس میں انہوں نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ دریا ئے چناب کے کچے اور بیٹ کے علاقے میں اب بھی موجود ہر شخص کو بحفاظت نکالا جائے۔

مزید خبریں :